لاہور: (دنیا نیوز) چین سے جنم لینے والا کورونا وائرس دنیا کے 198 ممالک تک پہنچ گیا ہے اس مہلک وباء کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 22 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں کوررونا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کے 198 ممالک میں کورونا وائرس پہنچ چکا ہے، متاثرین کی تعداد 4لاکھ87 ہزار 434 ہوگئی، آج سب سے زیادہ ہلاکتیں سپین میں ہوئیں جہاں پر 442 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ سپین میں مرنے والوں کی تعداد 4 ہزار 89 ہوگئی ہے۔
کورونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار اکٹھا کرنےوالی ویب سائٹ کے مطابق ایران میں مزید 157 افراد چل بسے ہیں، بلجیم میں 42 افراد زندگی ہلاک ہو گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران انڈونیشیا میں 20، جرمنی16 میں، سوٹزرلینڈ میں 12، امریکا میں مزید 9، ملائیشیا میں 3، بھارت میں 2 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں
ویب سائٹ کے مطابق اٹلی میں متاثرین کی تعداد 74 ہزار386 ، امریکا میں 68 ہزار 594، سپین میں 56 ہزار 188، جرمنی میں 39ہزار 502، ایران میں 29ہزار 406، فرانس میں 25 ہزار 233 ہو گئی ہے۔
اُدھر مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے باعث پہلی موت کی تصدیق ہوئی ہے، سرینگر کے 65 سالہ محمد اشرف کورونا وائرس سے جاں بحق ہو گئے ہیں۔
دوسری طرف کورونا سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے امریکا کی تاریخ کا سب سے بڑا بیل آؤٹ پیکج منظور کر لیا گیا۔ امریکی سینٹ نے معاشی نقصان کو پورا کرنے کے لیے دو ہزار ارب ڈالر کی منظوری دے دی۔
سینیٹرز نے ایوان میں مباحثے کے بعد 2 ہزار ارب ڈالر کی منظوری دی، بل کی حمایت میں 96 اور مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں پڑا۔
امریکی میڈیا کے مطابق بل اب ایوان نمائندگان میں بھیجا جائے گا۔ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر بل پر دستخط کر دیں گے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق معاشی پیکج کو کورونا وائرس سے متاثرہ افراد، ہسپتالوں اور تباہ شدہ معیشت کی بحالی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ بل کی منظوری کے بعد امریکی سٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔