واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کو کورونا وائرس کے حملے برداشت کرنا مشکل ہو گیا، متاثرہ افراد کی تعداد اڑھائی لاکھ تک پہنچ گئی، مرنے والے 6 ہزار 95 ہو گئے۔ صدر ٹرمپ نے روسی امداد قبول کر لی، معروف امریکی فزیشن ڈاکٹر فوسی نے تمام امریکیوں کے لیے ماسک لازمی قرار دینے کا عندیہ دے دیا۔
امریکا میں کورونا وائرس بے قابو ہو گیا، بڑی تعداد میں لوگ وائرس کا شکار ہو رہے ہیں، 93 ہزار سے زائد کیسز کے ساتھ ریاست نیویارک پہلے نمبر پر ہے، نیو جرسی میں 25 ہزار سے زائد مریض موجود ہیں۔ امریکا میں مزید 968 ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار سے زائد ہو گئی۔
صدر ٹرمپ نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے روسی امداد قبول کر لی، اس سے پہلے امریکی حکام روسی امداد کو پروپیگنڈا ٹول قرار دے رہے تھے۔
معروف امریکی ڈاکٹر فوسی نے کہا ہے جلد حکم جاری کیا جائے گا کہ تمام امریکی گھروں میں رہیں اور باہر آنے والا ہر امریکی ماسک پہنے۔
امریکی بحری بیڑے یو ایس ایس روز ویلٹ میں وائرس کی نشاندہی پر کپتان کو نوکری سے ہاتھ دھونا پڑ گئے، کیپٹن نے بیڑے پر کورونا وائرس کی نشاندہی کرتے ہوئے حکام سے مدد کی اپیل کی تھی۔