کورونا کا زور برقرار، ملک بھر میں 2450 افراد میں وائرس کی تصدیق

Last Updated On 03 April,2020 11:29 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 2450 ہوگئی جبکہ مزید 4 ہلاکتوں کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 35 ہوگئی۔

سندھ میں 783، پنجاب میں 920، خیبرپختونخوا میں 311، گلگت بلتستان میں 190، بلوچستان میں 169، اسلام آباد میں 68، آزاد کشمیر میں 9 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ ملک بھر میں 126 افراد صحتیاب ہوگئے۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 11 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ سندھ میں 11، خیبرپختونخوا 9، گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں ایک شخص جاں بحق ہوچکا ہے۔ پنجاب کے ضلع لاہور میں 4، راولپنڈی 3 جبکہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ سندھ میں تمام ہلاکتیں کراچی میں ہوئی ہیں۔

سندھ میں جمعہ کے اجتماعات پر پابندی

سندھ میں آج نماز جمعہ کے حوالے سے احکامات جاری کئے گئے ہیں، صرف تین سے پانچ افراد کواجازت ہوگی، کراچی سمیت سندھ دوپہر 12 سے 3 بجے تک مکمل بند رہے گا۔

محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت صوبے بھر میں مساجد میں پیش امام، موذن اور انتظامیہ سمیت 5 افراد نماز جماعت کے ساتھ ادا کرسکیں گے، دوپہر 12 سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن ہوگا، عوام کی نقل و حرکت پر بھی پابندی ہوگی۔

لاک ڈاؤن

لاک ڈاؤن کے حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کریانہ کی دکانیں صبح آٹھ سے شام پانچ بجے تک کھلی رہیں گی، دودھ کی دکان صبح پانچ سے رات آٹھ بجے تک کھولی جاسکتی ہیں، 14 اپریل تک شاپنگ مالز، سیمنا، شادی ہالز، الیکٹرونکس مارکیٹ اور سماجی تقاریب پر پابندی برقرار ہے۔

لاہور سمیت پنجاب میں بھی نماز جمعہ کی مناسبت سے آج سخت ترین اقدامات کئے گئے ہیں۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹرقبلہ ایاز نے بھی عوام کو نمازیں گھر میں ادا کر نے کی ہدایت کی ہے۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان سمیت دیگر علاقوں میں بھی لاک ڈاؤن کے باعث دکانیں، مارکیٹس اور کاروباری مراکز آج بھی بند ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا لاہور کا فضائی دورہ

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور شہر اور گردونواح کے علاقوں کا فضائی دورہ کیا اور لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے فضائی دورے کے دوران لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند مارکیٹوں اور کمرشل سینٹرز کا بھی مشاہدہ کیا، عثمان بزدار نے حکومتی اداروں کی جانب سے کئے جانے والے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

عثمان بزدار نے پولیس، پاک فوج اور رینجرز کو خراج تحسین پیش کیا، فضائی دورے میں عثمان بزدار نے مشاہدہ کیا کہ لاہور شہر اور گردونواح کے علاقوں کی سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر اور مارکٹیں سنسان تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت اورجان کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کیے ہیں، عوام گھروں میں رہیں گے تو کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم سے کم ہوگا، حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کرنے پر لاہور سمیت پنجاب کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا پولیس، پاک فوج اور رینجرز میں مثالی کردار ادا کر رہے ہیں، کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر پوری نظر ہے، مختلف شہروں کے دورے کر کے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے شہریوں کو کورونا سے بچانا ان کا مشن ہے، کورونا وائرس کی وباء کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کورونا وائرس کی وجہ سے عائد کردہ پابندیوں پر عملدرآمد کرنے پر ٹرانسپورٹر اور تاجر برادری کا شکریہ بھی ادا کیا۔

گورنر پنجاب کی اپیل

ورنر پنجاب چودھری سرور نے عوام سے کورونا سے بچائو کیلئے نمازجمعہ گھر وں میں ادا کرنے کی اپیل کر دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے حکومت اور طبی عملہ کا ساتھ دیں۔

گورنر پنجاب چودھری سرور نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام گھروں میں رہیں، کورونا وائرس لینے باہر نہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن تجویز نہیں تنقید کی پالیسی پر گامزن ہے، کورونا کیخلاف دشمن سے جنگ جیسے جذبہ کی ضرورت ہے، چین پاکستان کیساتھ کھڑا ہے ہمیں بھی اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔

چودھری سرور کا کہنا تھا 22 کروڑ عوام کو چٹان جیسی مضبوطی سے کورونا کیخلاف کھڑا ہونا ہے، عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے حکومت اور طبی عملہ کا ساتھ دیں، عوام کو چاہیے محدود رہیں اور محفوظ رہیں اور کورونا کو شکست دیں۔
 

Advertisement