دنیا بھر میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 69 ہزار 456 ہوگئی

Last Updated On 06 April,2020 10:29 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 69 ہزار 456 ہوگئی، امریکا میں عالمی وبا سے 9 ہزار 633 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

دنیا کے 208 ممالک اور علاقے کورونا کی زد میں آگئے۔ امریکا بدستور دنیا کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں مسلسل پانچویں روز ایک ہزار سے زائد اموات ریکارڈ ہو رہی ہیں۔ 24 گھنٹوں میں 1200 ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد 9 ہزار 633 ہوگئی۔ 3 لاکھ 36 ہزار 830 افراد کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔

نیویارک کے بعد نیو جرسی اور نیو آرلینز کورونا کے نئے گڑھ بن گئے جہاں صورتحال قیامت خیز ہونے کا خدشہ ہے۔ امریکی سرجن جنرل جیروم ایڈمز نے خبردار کیا کہ آنے والا ہفتہ بیشتر امریکیوں کی زندگی کا سب سے افسوسناک ہفتہ ہوگا۔ نیویارک کے گورنر کومو نے کہا ہے کہ آئندہ سات روز میں کرونا وائرس کی وجہ سے صحت کی خراب تر صورت حال اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ جائے گی۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کو چین میں کورونا وائرس کی پہلی سرکاری اطلاع تین جنوری کو مل گئی تھی لیکن انتظامیہ نے اس عالمگیر وبا کے خلاف لڑنے کا فیصلہ کرنے میں 70 دن لگا دیے۔
 

Advertisement