کورونا کا شکار برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا

Last Updated On 06 April,2020 10:39 am

لندن: (دنیا نیوز) کورونا کا شکار برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ برطانیہ میں مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 4 ہزار 934 ہو گئی۔

برطانیہ میں کورونا وائرس بے قابو ہوتا جا رہا ہے، برطانوی وزیراعظم کو حالت خراب ہونے پر ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ بورس جانسن کو مسلسل بخار کے باعث مزید ٹیسٹ کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا، ان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے انھیں معمول کے ٹیسٹ کے لیے ہسپتال داخل کیا گیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بورس جانسن کی اچھی صحت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم میں چند روز قبل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، ان کی منگیتر میں بھی کورونا کی علامات ظاہر ہوئیں ہیں۔

ملکہ الزبتھ کا قوم سے خطاب میں کہنا تھا کہ برطانیہ دوسری جنگ عظیم والے جذبے سے اس وبا کا مقابلہ کرے گا اور اس میں ضرور کامیاب ہوگا۔ انہوں نے حکومتی احکامات پر عمل کرنے کی ہدایات کی اور مشکل میں لوگوں کی مدد کرنے والوں کی تعریف بھی کی ہے۔

برطانوی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ وہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے مزید اقدامات کرنے جا رہے ہیں، برطانیہ میں مزید 621 افراد جان سے گئے، تعداد 4 ہزار 934 ہوگئی، 48 ہزار کے قریب افراد متاثر ہیں، لندن اور دیگر شہروں میں بھی خوف کی فضا ہے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
 

Advertisement