میڈرڈ: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں ایک لاکھ چونتیس ہزار 616 ہو گئیں، چوبیس گھنٹے کے دوران فرانس میں ایک ہزار چار سو اڑتیس افراد لقمہ اجل بن گئے، برطانیہ میں سات سو اکسٹھ، اٹلی میں پانچ سو اٹھہتر اور اسپین میں پانچ سو ستاون ہلاکتیں ہوئی ہیں، اب تک 51 ہزار صحت یاب ہوئے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا سے تباہی، فرانس میں ہلاکت خیز دن رہا جب 1438 افراد ایک ہی روز ہلاک ہو گئے۔ اٹلی میں اب تک 21 ہزار 645 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسپین میں 18ہزار 812 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ برطانیہ میں کورونا سے مزید 761 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ برطانیہ میں حکومت پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ وہ کورونا کی وبا سے ہونے والی تمام ہلاکتوں کو شمار نہیں کر رہی۔
برطانوی حکومت نے کورونا کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کے سرکاری اعداد و شمار میں صرف ان اموات کو شامل کیا ہے جو ہسپتالوں میں ہوئی ہیں جبکہ کیئر ہومز میں مرنے والوں کو اس میں گنا نہیں جا رہا۔
جرمنی میں کورونا سے اب تک 3804، ترکی میں 1518، بیلجیم میں 4440، برازیل میں 1757 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا سے اب تک 51 ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔