ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز الشیخ کا کہنا ہے کہ عید الفطر کی نماز گھر پر ادا کی جا سکتی ہے۔
عرب خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں سعودی مفتی اعظم اور سعودی سائنٹیفک اینڈ ریسرچ کونسل کے سربراہ شیخ عبدالعزیز الشیخ کا کہنا تھا کہ غیر معمولی حالات میں اور موجودہ عالمی وبا کی صورتحال میں عید کی نماز گھر پر ادا کرنا مناسب عمل ہے۔ عید کی نماز گھر پر ادا کی جاسکتی ہے جبکہ نماز اکیلے اور باجماعت بھی ادا کی جاسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس جاری رہا تو تراویح اور نماز عید گھروں پر ادا کی جائینگی: سعودی مفتی اعظم
سعودی مفتی اعظم نے سعودی شہریوں پر عید کی نماز گھروں پر ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ماحول میں والدین اپنا زیادہ تر وقت گھروں میں اپنے بچوں کے ساتھ ہی گزاریں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث سعودی عرب می نماز تراویح بھی گھروں پر پڑھنے کی ہدایت کی گئی اور مسجد الحرام میں چند مخصوص افراد کو نماز تراویح کی اجازت دی گئی جب کہ مساجد میں پنجگانہ نماز کی ادائیگی پر بھی پابندی ہے۔
اس کے علاوہ سعودی حکومت نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے عیدالفطر پر مکمل کرفیو کا اعلان کیا ہے۔