واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے اور لاک ڈاؤن ختم کرنے کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ قرار دے دیا، صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر فاؤچی سے اچھے تعلقات ہیں لیکن ان کی ہر بات سے اتفاق نہیں کرتا۔
امریکی طبی ماہرکی کورونا وبا کے حوالے سے وائٹ ہاؤس کے اقدامات پر کڑی تنقید، امریکہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہا ہے کہ کورونا کے خاتمے کے لیے مکمل طور پرلاک ڈاؤن نہیں کیا گیا۔ لوگوں نے احتیاطی تدابیر پر بھی عمل نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکیوں کو چاہیے کہ وہ سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں اور ماسک کا استعمال کرتے ہوئے ہاتھ دھونے کی عادت اپنائیں۔ سال کے آخر تک کم از کم ایک ویکسین تیار ہو جائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے وبا پر قابو پا لیا تھا لیکن پھر لاک ڈاؤن کھولنا شروع کر دیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر فاؤچی سے اچھے تعلقات ہیں لیکن ان کی ہر بات سے اتفاق نہیں کرتا۔ امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ ڈاکٹر فاؤچی کو نشانہ بنا رہی ہے، ماہرین صحت اور صدر کے مابین کشیدگی بڑھ رہی ہے۔
امریکا میں مہلک وائرس سے مزید 465 افراد ہلاک ہونے سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ گذشتہ روز 65 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے، مجموعی مریضوں کی تعداد 34 لاکھ 80 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔