کیلی فورنیا: (دنیا نیوز) کیلی فورنیا کے جنگلات کی آگ نے 22 ہزار ایکڑ رقبے کو لپیٹ میں لے لیا، سیکڑوں افراد کو متاثرہ علاقے سے نکال لیا گیا۔
امریکی ریاست کیلی فورنای میں آتشزدگی کے باعث 12 افراد زخمی ہو گئے۔ آگ سے متاثرہ علاقے میں پھنسے 200 سے زائد افراد کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نکالا گیا۔ تیز ہوائیں آگ پھیلنے کا سبب بن رہی ہیں۔
کیلیفورنیا کے جنگلات میں 9 سو مقامات پر لگی آگ سے 3 ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا۔ علاقے میں جلے ہوئے گھر جابجا نظر آتے ہیں جبکہ کچھ عرصہ قبل موجود سرسبز جنگل اب خاک آلود ویرانے کا منظر پیش کر رہا ہے۔ اب تک مختلف حادثات میں 8 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ آگ سے متاثرہ رقبے کے نزدیکی شہر میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک پہنچ گیا۔
دوسری جانب روس کے علاقے جمہوریہ سکھا میں بھی بڑے علاقے پر آگ لگی ہوئی ہے۔ قطب شمالی کےدائرے میں واقع جنگلات میں لگی آگ نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، اٹھنے والے دھویں اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار اب تک سب سے زیادہ بتائی جا رہی ہے۔
امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق آگ سے زمین کی زیریں سطح تباہ ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں بڑی مقدار میں کاربن ڈائی آکسائیڈ فضا میں شامل ہو رہی ہے۔ سب سےزیادہ آگ قطب شمالی کے دائرے میں آنے والے علاقے جمہوریا سکھا میں لگی ہوئی ہے، آگ کا رقبہ کینیڈا کے ایک تہائی رقبے کے مساوی ہے۔