بھارت اور چین سرحدی کشیدگی کم کرنے کیلئے پانچ نکاتی ایجنڈے پر متفق

Published On 11 September,2020 03:56 pm

ماسکو: (دنیا نیوز) بھارت اور چین سرحدی کشیدگی کم کرنے کے لیے پانچ نکاتی ایجنڈے پر متفق ہو گئے۔

بھارت اور چین کے درمیان سرحد پر تناؤ اور جھڑپوں کے بعد دونوں ملکوں نے افواج اپنی موجودہ پوزیشن سے پیچھے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا۔ دونوں ممالک نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کسی کے مفاد میں نہیں۔

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ وینگ ژی اور جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس اور آر آئی سی (روس، بھارت، چین) گروپ کے اجلاس کے موقع پر اکٹھے ہوئے جس کے بعد دونوں رہنماوں کے باہمی مذاکرات ہوئے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملاقات 2 گھنٹے جاری رہی۔

بھارتی وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ بیان میں کہا کہ سرحد پر دونوں ملکوں کی افواج مذاکرات جاری رکھیں گی، موجودہ سرگرمیوں سے فوراً پیچھے ہٹیں گی، مناسب فاصلہ قائم رکھیں گی اور کشیدگی کم کریں گی۔
 

Advertisement