نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت نے انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشل کو کام سے روک دیا،عملے کو بھی ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا۔
بھارتی حکومت کی جانب سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے خلاف انتقامی کارروائی کی گئی ہے، مودی سرکار کے مکروہ عزائم بے نقاب کرنے والی ایمنسٹی انٹرنیشنل کو کام سے روک دیا گیا۔
تنظیم کے جانب سے کہا گیا ہے کہ مودی حکومت نے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے تنظیم کے بینک اکاؤنٹ منجمد کروا دیئے ہیں۔ بھارتی حکومت نہیں چاہتی کہ ان سے کشمیر اور دلی میں ہونے والےمسلم کش فسادات پرسوال کیا جائے۔
واضح رہے کہ بھارت کی فاشسٹ مودی حکومت نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں جاری خونریزی کو چھپانے کیلئے ایسے کئی اقدامات اٹھا چکی ہے بلکہ کنٹرول لائن پر مسلسل گولہ باری اور فائرنگ سے سرحدی قوانین کی خلاف ورزی پر عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے اقوام متحدہ کے مبصرین کی تعیناتی سے بھی مسلسل انکاری ہے۔ گزشتہ دنوں بھارت میں گئے 11 پاکستانیوں کو موت کے منہ میں دھکیل دیا گیا جس پر بھارتی حکومت تاحال کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکی۔