دنیا بھر میں کورونا کی تباہ کاریاں جاری، اموات کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز

Published On 29 September,2020 12:03 pm

برازیلیا: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، اموات کی تعداد بھی دس لاکھ سے بڑھ گئی، کورونا کے فوراً تشخیص کرنے والا ٹیسٹ بھی سامنے آگیا، پندرہ منٹ میں مرض کا پتہ چل سکے گا۔

عالمی وبا کورونا سے اموات کا سلسلہ نہ تھم سکا، دنیا بھر میں وائرس کا پھیلاؤ بھی جاری ہے۔ چین سے شروع ہونے والی موذی مرض سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ امریکا، بھارت اور برازیل میں ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ سے زائد ہے۔

طبی ماہرین نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اموات کی کل تعداد موجودہ اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کورونا سے دس لاکھ سے زائد افراد کی ہلاکت کو اذیت ناک قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمیں کسی ایک انسان کی زندگی کو بھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔


عالمی ادارہ صحت نے کم اور درمیانی آمدن والے ممالک کے متاثرین میں منٹوں میں کورونا تشخیص کے ٹیسٹ سے آگاہ کیا ہے جس کے ذریعے گھنٹوں کے بجائے 15 سے 30 منٹ میں کورونا کی تشخیص کی جا سکتی ہے۔

دواساز کمپنیوں سے معاہدوں کے بعد چھ ماہ میں 12 کروڑ ٹیسٹ ہوسکیں گے۔ عالمی ادارہ صحت نے اسے بڑی پیشرفت قرار دیا ہے۔
 

Advertisement