کویت سٹی: (ویب ڈیسک) کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الصباح 91 سال کی عمر میں انتقال کر گئے جبکہ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
امیر کویت کی وفات کا اعلان شاہی امور کے انچارج نے سرکاری ٹی وی پر کیا۔ امیرکویت کی جولائی میں اپنے ملک میں سرجری کی گئی تھی جس کے بعد وہ مکمل علاج کے لیے امریکا روانہ ہوگئے تھے۔ ان کی صحت میں بہتری سے متعلق 14 ستمبر کو کویتی وزیر اعظم نے کابینہ کو آگاہ کیا تھا۔
غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امیرِ کویت امریکا میں زیر علاج تھے جہاں آج ان کا انتقال ہوا جس کی تصدیق حکام نے کردی ہے۔ شیخ صباح الاحمد الجابرالصباح 2006 میں امیر کویت بنے اور اپنی علالت تک اس عہدے پر فائز رہے۔
شیخ صباح الاحمد الجابرالصباح کویت کے وزیر اعظم بھی رہے ہیں جب کہ وہ کویت کے 40 سال تک وزیر خارجہ بھی رہے۔ ان کے انتقال کے بعد ان کے 83 سالہ سوتیلے بھائی شیخ نواف الاحمد الصباح کے امیر کویت بننے کا امکان ہے تاہم باقاعدہ اعلان کچھ روز میں کیا جائے گا۔
دوسری طرف وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کویت کے حکمران شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امیرکویت کے انتقال پرشاہی خاندان، کویتی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں، امیر کویت ایک طویل عرصے تک کویتی وزیر خارجہ کے منصب پر بھی متمکن رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دورحکمرانی میں پاکستان اور کویت کے مابین دوطرفہ تعلقات کو وسعت ملی۔ امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح ایک صلح جو، امن پسند اور مشفق، حکمران کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ہم ان کی مغفرت اور بلندی ء درجات کیلئے بارگاہِ ایزدی میں دعاگو ہیں۔