سان تیاگو: (دنیا نیوز) چلی میں جاری حکومت مخالف احتجاج میں پولیس اور مظاہرین آمنے سامنے آ گئے، دوسری جانب اعلی حکام نے نوجوان کو دریا کے پل سے گرا کر زخمی کرنے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا۔
دارالحکومت سان تیاگو کا مرکزی چوک ایک مرتبہ پھر میدان جنگ بن گیا، نوجوانوں نے لکڑیاں جلا کر سڑکوں پر آگ لگا دی، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی تو جھڑپیں شروع ہو گئیں جن میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب پولیس کے اعلی حکام نے احتجاج کے دوران نوجوان کو دریا کے پل سے نیچے گرا کر زخمی کرنے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا ہے۔ واقعہ چند روز قبل پیش آیا تھا جس کی پولس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے تحقیقات کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔
چلی میں گذشتہ سال اکتوبر سے میٹرو کے کرایوں میں اضافے کے بعد مظاہرے شروع ہوئے جو بعد ازاں معاشی نا انصافی، میڈیکل کیئر اور تعلیمی سہولتوں میں کمی کے خلاف تحریک میں بدل گئے، ان مظاہروں میں اب تک 40 افراد ہلاک اور 12 ہزار افراد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ 28 ہزار سے زائد زیر حراست ہیں۔