چلی میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری، جھڑپوں‌ کے دوران 16 مظاہرین گرفتار

Published On 04 October,2020 11:33 am

سان تیاگو: (دنیا نیوز) چلی میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، پولیس سے جھڑپوں‌ کے دوران 16 مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔

چلی کے دارالحکومت سان تیاگو کی سڑکیں میدان جنگ بن گئیں، مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا جس پر پولیس نے آنسوگیس کے شیل فائر کئے اور واٹر کینن کا استعمال کیا، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپوں کے دوران 4 پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے جبکہ 16 مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ہے۔

جھڑپوں کے دوران ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جب ایک 16 سالہ نوجوان پولیس سے بچنے کی کوشش میں دریائے میپوچو میں گر گیا، پولیس حکام نے معاملے کی تحقیقات کی یقین دہانی کروائی ہے۔

لاطینی امریکی ملک میں معاشی ناہمواری اور پولیس تشدد کے خلاف گذشتہ برس 18 اکتوبر سے احتجاج جاری ہے جس کے دوران 30 افراد موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں جبکہ ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔