اپنی عسکری سرگرمیاں جاری رکھیں گے، امریکی اجازت کی ضرورت نہیں: ترک صدر

Published On 23 October,2020 11:05 pm

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ روس سے خریدے ایس چار سو دفاعی نظام کا تجربہ کیا ہے۔ ہم اپنے فیصلے خود کرتے ہیں اور سرگرمیاں جاری رکھیں گے اس کے لیے امریکی اعتراض کی کوئی حیثیت نہیں۔

استنبول میں اخباری نمائندوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روس سے حاصل کردہ ایس 400 دفاعی نظام کا تجربہ کیا گیا ہے اور مزید کرینگے۔ امریکا کا اس بارے میں اعتراض بے وقعت ہے، ہم اپنے تمام امکانات کو برائےکار لا رہے ہیں جس کے لیے ہمیں امریکا سے پوچھنے کی ضرورت نہیں ، یہ ہمارا فیصلہ ہے اور اس کے بارے میں ہم ہی پورا اختیار رکھتے ہیں۔

آذربائیجان۔ آرمینیا کے درمیان جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ آرمینیا اپنے وعدوں کا پاس رکھے، آذری صدر علیوف کے بیان کو معمولی نہ سمجھا جائے، یہاں سیاسی حل کی کوششوں میں روس کا جتنا حق ہے اتنا ہی ترکی بھی اپنا حق سمجھتا ہے۔ اس معاملے میں روس کا موقف کافی مثبت ہے ،ہم روس کے ساتھ شام، آذربائیجان اور آرمینیا کے معاملے میں مسلسل رابطے میں ہیں امید ہے کہ اس مسئلے کے حل میں ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
 

Advertisement