بیجنگ: (روزنامہ دنیا) چین نے کہا ہے کہ امریکا بیجنگ اور علاقائی ممالک کے مابین نفرت کے بیج بو رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے دورہ بھارت سے متعلق اپنے ردعمل میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ویبن نے کہا ہے کہ پومپیو کے چین پر الزامات اور حملے کوئی نئے نہیں، یہ بے بنیاد الزامات ہیں جو اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ امریکہ ابھی تک نظریاتی تعصبات اور سرد جنگ کی ذہنیت میں ہی پھنسا ہوا ہے۔
ادھر پومپیو کے دورہ سری لنکا سے قبل چینی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا سری لنکا کو دھمکانے اور دباؤ ڈالنے سے باز رہے۔ امریکی وزیر خارجہ جس طرح چین، سری لنکا تعلقات میں مداخلت اور دونوں ملکوں میں دراڑیں پیدا کرنے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں، چین اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ اور بھارت کے مابین حساس سیٹلائٹ ڈیٹا کی فراہمی کیلئے متنازع دفاعی معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں جس کے تحت بھارت اپنے ہمسائیوں پر میزائل حملے کیلئے امریکی سیٹلائٹ کا ڈیٹا استعمال کر سکے گا۔ پاکستان نے اس حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے جس کا ٹرمپ انتظامیہ نے کوئی ردعمل نہیں دیا۔ پاکستان کا موقف واضح اور مدلل ہے کہ بھارت میں مودی جیسے فاشسٹ کے دور حکومت میں ایسا معاہدہ خطے کو شدید خطرات سے دوچار کر دے گا۔ بھارت کا مجرمانہ ریکارڈ دنیا کے سامنے ہے کہ وہ 73 سال سے مقبوضہ کشمیر میں مظلوم مسلمانوں کا خون بہا رہا ہے اس کے باوجود امریکہ کا بھارت کو حساس معلومات فراہم کرنا علاقائی امن و سلامتی پر سوالیہ نشان کھڑے کر رہا ہے۔