واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ہفتے افغانستان سے فوج میں مزید کمی کا اعلان کر سکتے ہیں۔
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی طرف سے اگلے ہفتے افغانستان سے امریکی فوجیوں کے مزید انخلا کا اعلان متوقع ہے، پینٹا گون کی فوجی کمانڈ کو انخلا کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
متوقع فیصلے پر عملدرآمد کے بعد افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد پانچ ہزار سے کم ہو کر ڈھائی ہزار رہ جائے گی۔ عراق سے بھی فوجیوں میں کمی کی جائے گی۔ امریکی صدر کرسمس کے موقع پر امریکی فوجیوں کی واپسی چاہتے ہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ افغانستان میں امن و امان کی صورتحال ایک مرتبہ پھر مخدوش ہوتی دکھائی دے رہی ہے، صوبے بدخشاں میں طالبان کے ایک اور حملے میں ایک کمانڈر سمیت 12 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے، حملے میں دس اہلکار زخمی بھی ہوئے جن کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق حملہ ضلع جرم کے علاقے میں پولیس چیک پوسٹ پر کیا گیا۔