لندن: (دنیا نیوز) برطانوی شہزادہ ولیم نے اپنی آنجہانی والدہ ڈیانا کے انٹرویو سے متعلق معاملے کی تحقیقات کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے درست قدم قرار دیدیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سے سچائی سامنے آئے گی۔ خیال رہے کہ برطانوی نشریاتی ادارے کے میزبان مارٹن بشیر نے 1995ء میں شہزادی ڈیانا کا انٹرویو کیا تھا، اس سے قبل انھیں کوئی نہیں جانتا تھا لیکن شہزادی کا انٹرویو کرکے ان کی شہرت میں راتوں رات اضافہ ہو گیا تھا۔
تفصیل کے مطابق شہزادی ڈیانا موت کے 23 سال بعد اب بھی خبروں کی زنیت ہیں۔ ان کا انٹرویو لینے کے لیے نشتریاتی ادارے کی جانب سے جعلی دستاویزات کے استعمال کی تحقیقات ہوں گی۔ برطانوی شہزادہ ولیم نے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
شہزادہ ولیم کا کہنا ہے کہ معاملے کی آزادانہ تحقیقات درست سمت کی جانب اہم قدم ہے، اس سے سچائی سامنے آئے گی۔ خیال رہے کہ اس انٹرویو میں لیڈی ڈیانا نے اپنے شوہر پرنس چارلس کے کمیلا پارکر سے تعلقات کی طرف اشارہ کیا تھا۔ انہوں نے شادی اور تخت کے وارث پر بات کی تھی۔
لیڈی ڈیانا نے یہ بھی کہا تھا کہ شہزادہ چارلس ان کی شہرت سے جلتے تھے۔ نشریاتی ادارے پر الزام ہے کہ اس نے ڈیانا کو بینک کی 2 جعلی دستایزات دکھا کر انٹرویو کے لیے قائل کیا تھا۔