نئی دہلی: (دنیا نیوز) مودی سرکار کی وجہ سے بھارت کا اصل چہرہ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا، نام نہاد بڑی جمہوریت کا دعویدار بھارت تنقید برداشت نہ کر سکا، انتہاء پسند بی جے پی حکومت نے آئینہ دکھانے والے پروفیسر اشوک سوائن کا ٹویٹر اکاؤنٹ بند کروا دیا۔
بھارتی حکومت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کروا کر اشوک سوائن کا اکاؤنٹ بند کروایا، پروفیسر اشوک سوائن نے بھارت کے پلواما ڈرامے کا پول کھول کر فالس فلیگ آپریشن کا خدشہ ظاہر کیا تھا، پاکستان کی جانب سے بھارتی ریاستی دہشتگردی کےثبوت سامنے آنے، نگروٹہ اورکپواڑہ ڈرامہ فیل ہونے پر بھارت سچ کو دَبانے میں مصروف ہے۔
ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل، جینوسائیڈ واچ اور سابق امریکی صدر باراک اوبامہ کی کتاب نے بھی بھارتی مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتے ہوئے ہندوستان میں انتہا پسندی، جنونیت، بھوک، بدعنوانی، نسلی تعصب اورمذہبی عدم رواداری کی نشاندہی کی۔
ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رِپورٹ کے مطابق بھارت میں کرپشن کا راج ہے، اس سے پہلے بھارت کی 65 سے زائد ممالک میں جھوٹی، گمراہ کن معلومات پھیلانے والی جعلی نیوز سائٹس پکڑی گئیں، پاکستان مخالف بے بنیاد پراپیگنڈے، تنقید اور یورپی یونین و اقوام متحدہ کو متاثر کرنے کیلئے جعلی ویب سائٹس کا نیٹ ورک بنایا گیا تھا۔