دوسری نئی قسم جنوبی افریقا سے آئی: برطانوی حکام، فضائی رابطہ منقطع کرنے کا اعلان

Published On 23 December,2020 10:48 pm

لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ میں ایک ہفتے میں کورونا وائرس کی دوسری نئی قسم سامنے آگئی، برطانوی حکام کاکہناہے کہ دوسری نئی قسم جنوبی افریقا سے ملک میں آئی ہے، انگلینڈ نے جنوبی افریقا کے ساتھ فضائی رابطہ منقطع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس کی ایک کے بعد ایک نئی قسم منظر عام پر آنے لگی، برطانوی وزیر صحت نے ایک ہفتے میں وائرس کی دوسری نئی قسم کی دریافت ہونے کی تصدیق کردی۔

میٹ ہنکاک کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا سے لوٹنے والے دو مسافروں میں کورونا وائرس کی دوسری نئی قسم کی تشخیص ہوئی جسکے بعد برطانیہ نے جنوبی افریقا کے ساتھ فضائی رابطہ منقطع کردیا ہے۔

برطانوی ہیلتھ سیکرٹری کا کہنا تھا کہ وائرس کی دوسری نئی قسم پہلی قسم ہی کی طرح تیزی سے پھیلتی ہے، انہوں نے چھبیس دسمبر سے انگلینڈ کے مزید علاقوں پر لاک ڈاؤن لگانے کا اعلان بھی کیا۔

برطانیہ اور فرانس کے درمیان معاہدے کے بعد انگلینڈ میں کئی روز سے پھنسے ٹرک روانہ ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ معاہدے کے تحت جس ڈرائیور کا ٹیسٹ منفی آئے گا صرف وہی فرانس میں داخل ہوسکے گا، کئی مقامات پر غصے میں بھرے ڈرائیورز اور پولیس کے درمیان جھگڑا بھی ہوا۔

آکسفورڈ یونیورسٹی نے اپنی تیار کردہ کورونا ویکسین مارکیٹ میں لانے کے لئے برطانوی ہیلتھ ریگولیٹر سے رجوع کرلیا، وزیر صحت میٹ ہنکاک کے مطابق ہیلتھ ریگولیٹر کی منظوری کے بعد آکسفورڈ کی ویکسین فورا دستیاب ہوجائے گی۔
 

Advertisement