ویٹی کن: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں آج کرسمس منائی جا رہی ہے، کورونا وبا کی وجہ سے اس بار رونقیں کچھ ماند پڑ گئی، ویٹی کن سٹی اور بیت اللحم میں کرسمس کی اہم تقریبات کا انعقاد کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی ہے۔
دنیا بھر میں مسیحی برادری تہوار جوش و جذبے سے منا رہی ہے، ویٹی کن سٹی میں منعقدہ تقریب سے پوپ فرانسس نے خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ خدا نے انہیں غریبوں کی خدمت اور ان سے محبت کے اظہار کا حکم دیا ہے۔ کورونا کے باعث تقریب میں کم افراد کو مدعو کیا گیاتھا، پوپ فرانسس نے دعا بھی کروائی۔
فلسطین میں بیت الحم میں بھی کرسمس کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، لوگوں کی بڑی تعداد نے ایس او پیز کے تحت تقریب میں شرکت کی، عراق اور مصر میں بھی مسیحی برادری نے گرجا گھروں میں کرسمس کی تقریبات کا انعقاد کیا۔
صدر ٹرمپ نے کرسمس پر دنیا بھر کی مسیحی برادری کو مبارک باد دی، انہوں نے کورونا ویکسین کو کرسمس کا تحفہ قرار دیا۔