ہر وقت جنگ کیلئے تیار رہیں، چینی صدر شی جن پنگ کا فوج کو حکم

Published On 07 January,2021 08:51 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) عالمی منظر نامہ آئے روز تبدیل ہوتا جا رہا ہے۔ دہائیوں تک کسی بھی تنازع میں شامل نہ ہونے والا پرامن ملک بھارت اور امریکا کی چیرہ دستیوں کی وجہ سے اب اپنی فوج کو ہمہ وقت تیار رہنے کا حکم دے رہا ہے۔ یہ حکم صدر شی جن پنگ کی جانب سے اپنی مسلح افواج کو دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز چینی صدر شی جن پنگ نے اپنی مسلح افواج کو سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہر گھڑی کسی بھی طرح کی کارروائی کیلئے تیار رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج پیپلز لبریشن آرمی کو جنگ کے لئے تیار رہنا چاہیے۔ سنٹرل ملٹری کمیشن کے پہلے حکم میں چینی صدر نے فوجی قوت کی مضبوطی اور حقیقی جنگی حالات کے تحت تربیت حاصل کرکے جیتنے کی صلاحیت پر زور دیا۔

صدر شی جن پنگ نے اپنی فوج سے کہا ہے کہ وہ اپنی جنگی صلاحیتوں کو مزید تیز کرنے کے لئے تربیت کو مستحکم کریں اور چوکس رہیں۔ خیال رہے کہ صدر شی نے 2018ء میں بھی اپنی فوج سے خطاب میں ہمہ وقت تیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
 

Advertisement