نیشنل ہائی وے5 کی مرمت: چین کا پاکستان کو 10 کروڑ ڈالر کی امداد دینے کااعلان

Published On 31 December,2020 10:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین پاکستان کو نیشنل ہائی وے5 کی مرمت کیلئے 10 کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔

اسلام آباد میں اس سلسلے میں پاکستان اور چین کے درمیان معاہدے کی تقریب ہوئی۔ معاہدے کے تحت چین پاکستان کو 10 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی اور تقریب میں وفاقی وزیر خسرو بختیار اور چین کے سفیر نے شرکت کی۔

منصوبے کے تحت این ایچ 5 کے 66 کلومیٹر پر مشتمل چار حصوں کو مرمت کیا جائے گا، جس میں ہالا اور مورو کا حصہ شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعاون اور روابط کا فروغ ناگزیر ہے: وزیر خارجہ

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور خسرو بختیار نے کہا کہ این ایچ 5 منصوبے کی تکمیل سے شمال جنوب رابطہ بڑھے گا، این ایچ 5 مرمتی منصوبے کیلئے چین کی طرف سےگرانٹ کے شکر گزار ہیں، چین کیجانب سے انسداد کورونا اور ٹدی دل سے نمٹنے کیلئے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ سی پیک پاک چین دوستی میں بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔

اس موقع پر چین کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کیساتھ سماجی و معاشی ترقی کیلئے تعاون جاری رہے گا۔

Advertisement