کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں پولیس اہلکاروں نے ساتھی اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں 13 اہلکار چل بسے۔
افغانستان میڈیا کے مطابق صوبے ہرات کے ضلع غوریان کی پولیس چیک پوسٹ پر پولیس اہلکار کھانا کھانے بیٹھے تھے کہ اُن میں سے 3 اہلکاروں نے پہلے دستی بم پھینکے اور پھر اپنے ساتھی اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
حملہ اتنا اچانک اور غیر متوقع تھا کہ پولیس اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملا اور 13 اہلکار فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ حملہ کرنے والے بھی پولیس اہلکار ہی تھے جو کارروائی کے بعد اسلحہ اور گاڑیاں بھی ساتھ لے گئے۔
ہرات پولیس کے ترجمان نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے والے تینوں اہلکار کارروائی کے بعد مقامی طالبان سے جا ملے۔ ممکنہ طور پر تینوں حملہ آور طالبان جنگجو تھے جنہوں نے اس کارروائی کے لیے ہی پولیس فورس جوائن کی تھی۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب افغان پولیس اور فوج میں شامل طالبان ہمدردوں نے حملہ کرکے پولیس اور فوجی اہلکاروں کو ہلاک کیا ہو، گزشتہ برس ایسے تین بڑے واقعات میں 2 امریکی فوجیوں سمیت 7 افغان فوجی اور 6 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔