جوبائیڈن کی حلف برداری میں 2 دن باقی، امریکا میں سکیورٹی صورتحال مزید سنگین

Published On 18 January,2021 03:42 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) نومنتخب صدر جوبائیڈن کی حلف برداری میں دو دن رہ گئے، امریکا میں سکیورٹی صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔ ٹرمپ کے حامی بندوقیں لے کر ریاست مشی گن اور اوہائیو کی مقامی پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کرنے پہنچ گئے، صورتحال کے پیش نظر آرمی کی ہیوی بلٹ پروف وہیکل ریاستی اسمبلیوں کےباہر پہنچا دیئے گئے ہیں۔

نومنتخب صدر جوبائیڈن کی حلف برداری میں دودن باقی، امریکی پارلیمنٹ   کیپٹل ہل   کے باہر گھوسٹ ٹاؤن کے مناظر نظر آنے لگے۔ واشنگٹن میں کرفیو کی سی صورتحال ہے جہاں جگہ جگہ چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہں۔کانگریس اور تمام وفاقی بلڈنگز نیشنل گارڈز کے حوالے، امریکی دارالحکومت کل سے ہرقسم کی ٹریفک کےلیے بند ہوجائے گا۔

دوسری جانب ری پبلکن پارٹی اسپورٹرز کے ارادے بھی خطرناک ہیں،اسلحہ لے کر مشی گن، اوہائیو اور پینسلوانیا سمیت دیگر ریاستی اسمبلیوں کے باہر پہنچ گئے۔ بلٹ پروف جیکٹس، بندوقیں، ٹرمپ کے نام کی شرٹس، کیپس پہن کر احتجاج کیا، سکیورٹی کے پیش نظر آرمی کی بلٹ پروف ہیوی گاڑیاں بھی ریاستی اسمبلیوں کے باہر پہنچادی گئی ہیں۔

ٹرمپ کے حامیوں نے 50 ریاستوں میں احتجاج کا پلان بنا رکھا ہے، 6 جنوری کو کپٹل ہل پر ٹرمپ کے حامیوں کے دھاوے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد سے حالات سخت کشیدہ ہیں۔