واشنگٹن: (دنیا نیوز) صدر ٹرمپ جاتے جاتے بڑے فیصلے کر گئے، صدر نے اپنے سابق مشیر اسٹیو بینن سمیت 73 افراد کی سزائیں معاف کر دیں، امریکی صدر نے الوداعی خطاب میں کہا کہ وہ جو کرنے آئے تھے انہوں نے وہ کر دیا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے ہوئے 73 افراد کی سزاؤں کو معاف اور 70 کی سزاؤں میں کمی کر دی۔ فنڈز میں دھوکا دہی کے الزام میں سابق مشیر اسٹیو بینن کو بھی معاف کر دیا گیا۔
ان پر میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے فنڈز میں فراڈ کا الزام تھا، ڈیٹرایٹ شہر کے سابق مئیر کل پیٹرک کو بھی معافی مل گئی۔ گلوکار لل وائنے اور کوڈک بلیک بھی معافی حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔
صدر ٹرمپ نے الوداعی خطاب میں کہا ہے کہ انہیں فخر ہے کہ کئی دہائیوں میں وہ پہلے صدر ہیں جنہوں نے کوئی نئی جنگ شروع نہیں کی، انہوں نے مزید کہا کہ وہ جو کرنے آئے تھے انہوں نے وہ کردیا۔ صدر ٹرمپ نومنتخب صدر جو بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔