ترکی کے تاریخی شہر استنبول میں 7.2 شدت کے ہولناک زلزلے کا خدشہ

Published On 01 February,2021 10:06 pm

استنبول: (ویب ڈیسک) ماہر ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ استنبول کے نیچے موجود فالٹ لائن میں غیر معمولی تبدیلیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں جو شدید ترین زلزلے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہیں۔

ویب سائٹ ترکی اردو میں چھپنے والی چونکا دینے والی رپورٹ میں ماہر ارضیات ناجی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس زلزلے کی شدت 7.2 ہو سکتی ہے اور یہ کسی بھی وقت اور کسی بھی لمحے آ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترکی کا شہر استنبول میں زلزلے آنے کا سب سے زیادہ خطرہ موجود ہے۔ اس کے علاوہ شہر کا ساحلی علاقہ بھی انتہائی خطرناک زون ہے۔

خیال رہے کہ استنبول کی آبادی تقریباً ایک کروڑ 60 لاکھ کے قریب ہے۔ جو کہ شمالی اناطولیہ کی فالٹ لائن پر کھڑا ہے۔ ارضیات کے ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بارہا حکومت کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کرائی ہے کہ صورتحال کسی بھی وقت بہت بڑے سانحے کو جنم دے سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر کام کرتے ہوئے خطرناک عمارتوں کو خالی کر وا کر نئی عمارتیں تعمیر کرنا ہوں گی۔ ادھر استنبول کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس وقت شہر میں 78 ہزار عمارتیں بوسیدہ ہیں جنھیں زلزلے کی وجہ سے خطرہ ہو سکتا ہے۔
 

Advertisement