ینگون: (دنیا نیوز) میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف احتجاج جاری ہے، ملک کے جنوبی حصے کی بڑی جھیل میں کشتیوں پر مظاہرہ کیا گیا، دوسری جانب امریکا نے میانمار کے فوجی لیڈروں پر پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے۔
میانمار میں نوجوانوں، طلبہ اور سیاسی کارکنوں کا احتجاج جاری ہے، فوجی بغاوت کے خلاف جھیل میں ہونے والے احتجاج میں شریک لوگوں نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر جمہوریت کے حق میں نعرے درج تھے۔ لوگوں نے سیاسی رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔ میانمار میں فوجی بغاوت کے آغاز سے سیاسی رہنماوں کو پابند سلاسل رکھا گیا ہے جس کی عالمی برادری کی جانب سے مذمت جاری ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا میانمار کے فوجی لیڈروں پر پابندیاں عائد کر رہا ہے، اس سے قبل نیوزی لینڈ کی جانب سے بھی میانمار کے فوجی عہدیداران پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔