لداخ میں لڑائی کی نئی ویڈیو جاری، بھارتی اہلکاروں نے پہل کی

Published On 19 February,2021 08:10 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) مقبوضہ لداخ کی وادی گلوان میں چین اور بھارت کی افواج میں جھڑپ کی نئی ویڈیو جاری کر دی گئی۔ ویڈیو میں بھارتی اہلکاروں کو پہل کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

یاد رہے کہ لداخ میں وادی گلوان پر گزشتہ سال بھارت اور چین کے فوجیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی جس میں کرنل سمیت 20 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے تاہم اس وقت چین کی جانب سے اپنی فوجیوں کی ہلاکت سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا گیا تھا جب کہ حال ہی میں دونوں ممالک نے متنازع سرحدی علاقے سے افواج پیچھے ہٹانے اور سرحدی کشیدگی کے خاتمے کے لیے 5 نکاتی ایجنڈے پر اتفاق کیا ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق مقبوضہ لداخ کی وادی گلوان میں چین اور بھارت کی افواج میں جھڑپ کی نئی ویڈیو جاری کر دی گئی۔ ویڈیومیں بھارتی اہلکاروں کو پہل کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ بھارتی افواج دریا پار کر کے چینی علاقوں میں داخل ہو رہی تھیں،

چین کی جانب سے جاری کردہ اس ویڈیو میں بھارت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اپریل کے بعد سے ہی متعلقہ غیر ملکی فوج پرانے معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ انھوں نے پل اور سڑکیں بنانے کے لیے سرحد کو پار کیا۔

ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی فوج نے سرحد پر صورتحال تبدیل کرنے کے لیے من مانی کوششیں کیں جس کے نتیجے میں سرحد پر کشیدگی میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان معاہدوں کا لحاظ کرتے ہوئے ہم نے بات چیت سے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی۔

گزشتہ برس لداخ میں بھارت کے ساتھ ہونے والی کشیدگی کے بعد چینی حکام کی طرف اعتراف کیا گیا ہے کہ وادی گلوان میں جھڑپ کے دوران ہمارے 4 فوجی مارے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: لداخ کشیدگی کے دوران ہمارے 4 فوجی ہلاک ہوئے تھے: چین کا اعتراف

چین کے سرکاری میڈیا کی جانب سے کہا گیا کہ چین کی جانب سے بھارتی فوج سے جھڑپ کے دوران اپنی زندگی قربان کرنے والے 4 فوجیوں کے لیے اعلیٰ اعزازات سے نوازا گیا ہے۔ فوجیوں کے نام چین ہونگ جن، چین ژانگرونگ، ژاؤ سیوؤان اور وانگ ژوؤران ہیں۔

پیپلز ڈیلی چائنا کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں لکھا گیا کہ گزشتہ سال جون میں بھارتی فوجیوں سے جھڑپ کے دوران فوجی دستے کی کمانڈ کرنے والی کرنل قی فاباؤ شدید زخمی ہوئے تھے انہیں بھی فوجی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

Advertisement