ینگون: (دنیا نیوز) میانمار میں فورسز کی مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے، نیپی ڈاؤ سمیت متعدد شہروں میں فوجی قیادت کے خلاف مظاہرے ہوئے۔
میانمار کی فورسز نے مظاہرین کیخلاف کریک ڈاؤن کیا، ملک کے دوسرے بڑے شہر منڈالے میں مظاہرین پر اندھادھند فائرنگ کر کے متعدد افراد کو ہلاک کردیا، درجنوں شہری زخمی بھی ہوگئے۔ فورسز نے شہریوں کو منتشر کرنے کے لئے پانی کی توپ اور آنسو گیس کا استعمال بھی کیا۔
میانمار میں فوجی بغاوت کے خلا ف عوام کے غم و غصے میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے، دارالحکومت نیپی ڈاؤ میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ شہریوں نے ملٹری قیادت کے خلاف نعرے بازی کی، سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
ملک کے سب سےبڑے شہر ینگون میں مختلف زبانیں بولنے والے افراد نے مل کر مظاہرہ کیا، عوام نے دوہزار آٹھ میں بننے والے آئین کی بھی منسوخی کا مطالبہ کردیا، جس میں فوج کو ملک کی سیاست میں کافی عمل دخل دیا گیا تھا۔
میانمار کے شمالی علاقوں میں بھی عوام اور مظاہرین کے درمیان تصادم ہوا، فورسز نے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔