لاپاز: (دنیا نیوز) لاطینی امریکا کے ملک بولیویا کی مقامی یونیورسٹی میں ہونے والے حادثے میں 7 طلبا ہلاک اور 5 شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کیمپس کی بالائی منزل پر طلبا کی بڑی تعداد موجود تھی کہ جگہ کی کمی اور دھکم پیل کے سبب بالکونی ٹوٹ گئی اور کنارے پر کھڑے طلبا 3 سے 4 منزلیں نیچے جا گرے جس کے نتیجے میں 7 موقع پر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، اس دوران قریب کھڑے طلبا نے 2 لڑکیوں کو گرنے سے بچا لیا۔
وزیر صحت جیسن اوزا کا کہنا تھا کہ حادثے کے نتیجے میں 7 طلبا ہلاک اور 5 زخمی ہوئے جن کی حالت تشویشناک ہے۔ حکام کے مطابق مرنے والوں کی عمریں 20 سے 24 سال کے درمیان ہیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے موقف اختیار کیا کہ واقعے سے پہلے اسٹوڈنٹس کے دوگروپوں میں جھگڑا ہو رہا تھا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔