کسان مودی سرکار کے سامنے چٹان بن گئے، ٹکری بارڈر تقریب میں خواتین کی شرکت

Published On 02 March,2021 09:11 am

نئی دہلی: (دنیا نیوز) کسان مودی سرکار کے سامنے چٹان کی طرح ڈٹ گئے، مظاہرین کا کہنا ہے کسانوں کی تحریک انگریزوں کے خلاف بھی کامیاب ہوئی تھی، اب بھی مخالفین کو ہرا دیں گے۔

کاشتکار مودی کے گلے کی ہڈی بن گئے، سنگھو، ٹکری اور غازی پور میں کسانوں کے دھرنے جاری ہیں۔ 1915 میں انگریزوں کے ہاتھوں جان دینے والے کسانوں کی یاد میں ٹکری بارڈ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ اپنی دھرتی کے لیے جان دینے والوں کو یاد کر کے تحریک کا جذبہ بڑھا رہے ہیں، 26 نومبر سے مسلسل جاری دھرنوں کی وجہ سے دلی کے اردگرد ٹریفک کی روانہ متاثر ہو رہی ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے مودی کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے کسان گھر بار چھوڑ کر یہاں بیٹھنے پر مجبور ہیں، سرکار کو کالے قوانین فوری طور پر واپس لینے چاہئیں۔