ینگون: (دنیا نیوز) میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف احتجاج کرنے والوں کےخلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، ینگون شہر میں پولیس چھاپے کے دوران فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔ اقوام متحدہ میں تعینات میانمار کے سفیر کو فوج کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرنے پر فوجی حکومت نے عہدے سے برطرف کر دیا۔
میانمار میں آمریت کے خلاف لوگوں کا احتجاج جاری ہیں، سب سے بڑے شہر ینگون اور جنوبی شہر داوی میں سرکاری فورسز نے کریک ڈاون کے دوران فائرنگ کر دی، آنسو گیس اور فائرنگ سے 30 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے، شدید زخمیوں کو لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ہسپتال پہنچایا۔
اقوام متحدہ میں تعینات میانمار کے سفیر نے جنرل اسمبلی سے فوج کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تا کہ ملک میں جمہوریت بحال ہوسکے، سفیر کو فوج کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرنے پر فوجی حکومت نے عہدے سے برطرف کر دیا۔
گذشتہ روز بھی ملک بھر میں فورسز نے مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کیا، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی، لاٹھی چارج بھی کیا، کئی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا۔