میانمار میں فوجی بغاوت کیخلاف بڑے مظاہرے، ملٹری گاڑیوں کا راستہ بلاک کر دیا

Published On 17 February,2021 01:30 pm

ینگون: (دنیا نیوز) میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے جاری ہیں، ملٹری گاڑیوں کو روکنے کے لیے ٹیکسی ڈرائیورز نے ینگون شہر کی بڑی شاہراوں پرکاریں کھڑی کر دیں۔

ینگون شہر میں ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور فوجی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ عوام نے فوجی حکمرانوں کے دعووں کی تردید کی کہ سویلین حکومت کو ہٹانے میں عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ٹیکسی ڈرائیورز نے شہر کے اہم چوراہوں پر کاریں کھڑی کر دیں اور بونٹ اٹھا کر احتجاج کیا، انہوں نے فوجی قافلوں کے متوقع روٹ بھی بلاک کر دئیے۔ اس سے قبل سڑکیں بلاک کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر خصوصی مہم چلائی گئی تھی۔ احتجاج میں روزانہ سفر کرنے والے مسافر اور ٹرانسپورٹ ملازمین بھی شامل ہوئے۔

دوسری جانب امریکی اسپیس ٹیکنالوجی کمپنی نے میانمار کے مختلف شہروں میں ہونے والے مظاہروں کی سیٹلائٹ تصاویر جاری کر دیں۔ واضح رہے کہ برمی فوج نے رواں ماہ کے آغاز میں بغاوت کرکے سویلین حکمرانوں کو جیلوں میں قید کر دیا تھا جس کی دنیا بھر میں مذمت کی جا رہی ہے۔


 

Advertisement