مسلم کمیونٹی کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے: وزیراعظم نیوزی لینڈ

Published On 13 March,2021 08:52 pm

ولنگٹن: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا ہے کہ مسلم کمیونٹی کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، سانحہ کرائسٹ چرچ سانحہ کا خوف الفاظ کے ذریعہ مسلم کمیونٹی کے دل سے نہیں نکالا جاسکتا۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ کرائسٹ چرچ کو دو سال مکمل ہونے کے قریب ہیں، نیوزی لینڈ میں شہدا کی یاد میں تقریب کاا نعقاد کیا گیا، جسکی صدارت وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کی، روایتی انداز میں مرنے والوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔

تقریب میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی، سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے 51 شہدا کے نام بھی لئے گئے۔ مساجد پر حملے میں زندہ بچ جانے والوں نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

ایک شہری نے بتایا کہ ابتک سات آپریشن ہوچکے اسکے باوجود جسم میں چھرے موجود ہیں جو ایکسرے میں کرسمس کے درخت کی طرح جگمگاتے ہیں۔

یاد رہے کہ پندرہ مارچ 2019ء کو کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں سفید فام دہشت گرد نے حملہ کرکے 51 نمازیوں کو شہید کردیا تھا جسے حملے کے کچھ دیر بعد ہی گرفتار کرلیاگیاتھا، حملہ آور پر 51 قتل، چالیس اقدام قتل اور ایک دہشت گردانہ کارروائی کی فرد جرم عائد کی گئی،جس پر اسے عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ مسلم کمیونٹی کا تحفظ ہمارافرض اور ذمہ داری ہے، ہولناک سانحہ کا خوف الفاظ کے ذریعہ مسلم کمیونٹی کے دل سے نہیں نکالا جاسکتا۔