لندن: (دنیا نیوز) متعدد یورپی ممالک نے برطانوی کورونا ویکسین کا استعمال روک دیا، ویکسین روکنے والے ممالک میں ڈنمارک، ناروے، آئس لینڈ اور اٹلی شامل ہیں۔
برطانوی کورونا ویکسین کے استعمال سے خون میں پھٹکیاں بننے کے واقعات کے بعد ڈنمارک، ناروے، آئس لینڈ اور اٹلی نے ویکسین کا استعمال عارضی طور پر روک دیا ہے، ان ممالک میں خون میں پھٹکیاں بننے کے چند واقعات سامنے آئے ہیں۔ یورپی یونین نے معاملے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
برطانوی حکومت نے آکسفورڈ کی تیار کردہ ایسٹرازینیکا ویکسین کو محفوظ قرار دیا ہے، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈنمارک نے آکسفورڈ کی تیار کردہ ویکسین اور خون جمنے کے درمیان کسی تعلق کی تصدیق نہیں کی۔ دوسری جانب اٹلی کی حکومت نے 2 پولیس اہلکاروں کی خون جمنے سے ہلاکت کے بعد ایسٹرازینیکا پر پابندی عائد کر دی ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریا اور ڈنمارک میں برطانوی ویکسین لگائے جانے کے بعد خون جمنے سے 2 مریضوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔