میانمار : دھرنے پر بیٹھے شہریوں پر فورسز کی اندھا دھند فائرنگ، مزید 6 ہلاک

Published On 13 March,2021 04:55 pm

برما: (دنیا نیوز) میانمار میں سکیورٹی فورسز کی مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کے نتیجے میں مزید 6 شہری ہلاک ہوگئے۔ امریکا اور اتحادیوں نے ملکر میانمار میں جمہوریت کی بحالی کے لئے کام کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف احتجاج جاری ہے، فورسز نے ایک بار پھر مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کرکے شہریوں کو ہلاک کردیا۔ واقعہ دوسرے بڑے شہر منڈالے میں پیش آیا۔ جہاں ملٹری اہلکاروں نے دھرنے پر بیٹھے شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کرکے کئی افراد کو ہلاک کردیا۔

عینی شاہدین کا کہناہے کہ فورسز نے ایمبولینس میں موجود زخمیوں کو پہلے ہسپتال جانے سے روکا، جسکے باعث ایک شہری ہلاک ہوا مظاہرین اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرتے رہے۔

میانمار کے سب سے بڑے شہر ینگون میں سینکڑوں مظاہرین قیدیوں کی رہائی کے لئے پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہوئے اہلکاروں نے ہجوم میں براہ راست فائرنگ کرکے شہریوں کو موت کی نیند سلا دیا۔

امریکا، آسٹریلیا اور جاپان سمیت دیگر ممالک کے سربراہان نے میانمار میں جمہوریت کی دوبارہ بحالی کے لئے مل کر کو شش کرنے کا اعلان کیا، اقوام متحدہ کے انویسٹی گیٹرز کا کہنا ہے کہ میانمار میں فوج نے لاقانونییت اور دہشت کا بازار گرم کیا ہوا ہے۔