کابل: (ویب ڈیسک) افغان طالبان نے صدر اشرف غنی کی جانب سے انتخابات کروانے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات نے ماضی میں افغانستان کو بحران کے دہانے پر پہنچا دیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صدر اشرف غنی کی انتخابات کروانے کی تجویز کو طالبان نے فوری طور سے مسترد کر دیا ہے۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کبھی انتخابات کی حمایت نہیں کرینگے۔
طالبان ترجمان نے کہا کہ ملک کے مستقبل کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ فریقین کے مابین جاری مذاکرات کے ذریعے ہم آہنگ بنانا لازمی ہے۔
خیال رہے کہ امن معاہدے کے تحت امریکا نے رواں سال یکم مئی تک افغانستان میں موجود اپنی فوج کو واپس بلانا ہے، تاہم امریکی صدر جوبائیڈن نے ایک اہم انٹرویو میں واضح کر دیا ہے کہ اس ٹائم ٹیبل کے اندر فوجیوں کا انخلا کا بہت مشکل ہوگا۔
ادھر امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے برسلز کے دورے کے دوران اپنے بیان میں کہا تھا کہ ڈیڈ لائن تک فورسز افغانستان سے واپس بلائیں گے یا نہیں؟ ہم ابھی اس معاملے میں ناپ تول کر رہے ہیں۔