واشنگٹن: (دنیا نیوز) واشنگٹن میں کیپیٹل ہلز کے قریب گاڑی سکیورٹی اہلکاروں پر چڑھ دوڑی، جس کے باعث ایک اہلکار ہلاک ہو گیا جبکہ سکیورٹی اہلکاروں نے ڈرائیور کو مارا ڈالا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیپٹل پولیس کا کہنا ہے کہ دو افسران پر گاڑی دوڑانے کی اطلاعات کے بعد ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے دونوں افسران کو ہیلی کاپٹر پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔جہاں پر ایک پولیس اہلکار زندگی کی بازی ہار گیا۔
واشنگٹن پولیس کے مطابق ڈرائیور نے اس وقت گاڑی سیکیورٹی اہلکاروں پر چڑھا دی جب وہ ایک چیک پوسٹ پر چیکنگ میں مصروف تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گاڑی ٹکرانے کے بعد ڈرائیور چاقو ہاتھ میں لے کر گاڑی سے اترا تو سیکیورٹی اہلکار نے اسے گولی مار دی۔ جسے زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مارا گیا۔
آج امریکی کانگریس میں وقفے کا دن ہے جس کا مطلب ہے کہ آج قانون سازوں کی اکثریت عمارت میں نہیں ہے۔ جبکہ امریکی صدر جو بائیڈن آج صبح ہی میری لینڈ کے صدارتی کیمپ ڈیوڈ پر وقت گزارنے کے لیے جا چکے ہیں۔