ڈھاکا: (ویب ڈیسک) بنگلا دیش میں کارگو جہاز سے ٹکرانے کے بعد کشتی الٹنے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 26 ہو گئی ہے جبکہ تاحال 9 افراد لا پتہ ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق بنگلادیش کے شیتا لکھیا دریا میں 50 سے زائد مسافروں سے بھری چھوٹی مسافر کشتی ایک کارگو جہاز سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار کے روز پیش آنے والے حادثے میں اب تک 26 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، 5 لاشیں گزشتہ روز ہی نکال لی گئی تھیں جبکہ آج مزید 21 لاشوں کو نکالا گیا ہے۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے تاہم سمندری طوفان کے باعث آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔
پولیس اور عینی شاہدین کا بتانا ہے کہ حادثے کے فوری بعد کارگو جہاز موقع سے فرار ہو گیا۔