برطانوی ملکہ الزبتھ کے شوہر پرنس فلپ انتقال کر گئے

Published On 09 April,2021 04:07 pm

لندن: (دنیا نیوز) برطانوی ملکہ الزبتھ کے شوہر پرنس فلپ انتقال کر گئے ہیں۔ آنجہانی کچھ عرصہ سے بیمار تھے۔ برطانیہ کے شاہی خاندان نے پرنس فلپ کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

خیال رہے کہ برطانوی ملکہ الزبتھ کے شوہر شہزادہ فلپ کا گزشتہ ماہ لندن کے ہسپتال میں دل کا آپریشن ہوا تھا جس کے بعد انھیں گھر منتقل کر دیا گیا تھا۔ وہ تقریباً ہفتوں تک ہسپتال میں زیر علاج رہے تھے۔

واضح رہے کہ آنجہانی شہزادہ فلپ اور الزبتھ دوم کی شادی 1947ء میں ہوئی تھی اور دونوں کے 4 بچے ہیں۔ ان کی عمر 99 برس تھی۔

بیکنگھم پیلس کی جانب سے جاری ہونے والے پیغام میں کہا گیا ہے کہ ملکہ الزبتھ کی جانب سے انتہائی دکھ کیساتھ ان کے شوہر پرنس فلپ، ڈیوک آف ایڈنبرا کی موت کا اعلان کیا جاتا ہے۔ پرنس فلپ کی جمعے کی صبح ونڈسر کاسل میں پرسکون موت ہوئی۔

شہزادہ فلپ کی وفات پر برطانوی رہنماؤں کی جانب سے اظہار افسوس کیا گیا ہے۔ وزیراعظم بورس جانسن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پورا برطانیہ ملکہ اور شاہی خاندان کے غم میں شریک ہے۔ ملکہ الزبتھ کے ساتھ ہم سب آج غمزدہ ہیں۔

بورس جانسن نے کہا کہ شہزادہ فلپ ملکہ برطانیہ کے بہترین ساتھی کے طور پر یاد رہیں گے۔ شہزادہ فلپ کی وفات کی خبر سن کر صدمہ پہنچا۔

شہزادہ فلپ 10 جون 1921ء کو یونان کے جزیرے کورفو میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد پرنس اینڈریو، ڈنمارک اور یونان کا شہزادہ جبکہ والدہ برطانوی شہزادی تھی۔

دوسری جنگ عظیم کے دوران شہزادہ فلپ بطور ایڈمرل بحیرہ روم میں خدمات سر انجام دیتے رہے۔ 28 فروری 1947ء کو شہزادہ فلپ نے یونان اور ڈنمارک کے شاہی رتبے سے دستبردار ہو کر برطانوی شہریت حاصل کی اور 20 نومبر 1947ء کو اپنی کزن شہزادی الزبتھ سے شادی کر لی۔

6 فروری 1952ء کو الزبتھ کے ملکہ بننے تک شہزادہ فلپ رائل نیوی میں خدمات سرانجام دیتے رہے۔ ملکہ الزبتھ نے 1957ء میں شہزادہ فلپ کو برطانوی شہزادے کا منصب عطا کیا۔ 2011ء میں ملکہ الزبتھ نے انہیں رائل نیوی کے اعزازی سربراہ کا اعزاز بخشا تھا۔
 

Advertisement