گجرات: (ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست گجرات کے خیراتی ہسپتال کے کورونا وارڈ میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جسکے نتیجے میں 18 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے۔دوسری طرف نئی دہلی کے ہسپتال میں آکسیجن کی قلت کے باعث 12 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں ایک ٹرسٹ کے زیر انتظام بھاروچ ویلفیئر ہسپتال کے کورونا وارڈ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی، آگ تیزی سے آئی سی یو تک پہنچ گئی جس میں جھلس کر 2 نرسوں سمیت 18 مریض ہلاک ہوگئے۔
گجرات کے وزیر صحت کے ترجمان نے بتایا کہ ہسپتال میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیاں جبکہ کورونا وارڈ اور آئی سی یو سے مریضوں کو دوسرے ہسپتال میں منتقلی کے لیے 40 ایمبولینسیں بھی بھیجی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت: ہسپتال کے کورونا وارڈ میں آگ لگ گئی، 14 مریض چل بسے
فائر بریگیڈ کے عملے نے چار گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا جب کہ 50 سے زائد مریضوں کو قریبی 4 ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جن میں سے 20 کورونا مریضوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
بھارت میں رواں برس ہسپتال میں آتشزدگی کے تین بڑے واقعات رونما ہوچکے ہیں جن میں مجموعی طور پر 50 مریض ہلاک اور 9 زخمی ہوئے تھے جب کہ آکسیجن کی قلت اور مریضوں کے بے پناہ رش کی وجہ سے صحت کا نظام مفلوج ہوگیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کے بترا ہسپتال میں آکسیجن کی قلت سے کورونا وائرس کے 12مریض ہلاک ہو گئے ہیں۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق مرنے والوں میں بترا ہسپتال میں معدے اور پیٹ کے امراض کے ڈیپارٹمنٹ کے چئیرمین بھی شامل ہیں۔
دہلی کے وزیراعلیٰ کیجروال نے انڈین خبر رساں ادارے اے این آئی کو بتایا کہ آکسیجن کی شدید قلت ہے اور بہت سے ہپستالوں نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم نے عدالت کو بتایا اور مرکزی حکومت کو بھی لکھا ہے کہ دلی کو روزانہ کی بنیاد پر 976 ٹن آکسیجن کی ضرورت ہے لیکن ہمیں صرف 490 ٹن آکسیجن دی گئی ہے اور گذشتہ روز ہمیں صرف 312 ٹن آکسیجن دی گئی۔