کورونا نے معروف بھارتی اداکار بکرم جیت کی جان لے لی

Published On 01 May,2021 04:43 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث بھارتی فلم انڈسٹری کے متعدد اداکار چل بسے ہیں، ان میں ایک اور اضافہ ہوا ہے، فلم اور ڈراموں کے مقبول اداکار ریٹائرڈ آرمی آفیسر بکرم جیت کنورپال 52 سال کی عمر میں کورونا کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلموں اور ڈراموں میں لازوال سپورٹنگ کردار نبھانے والے اداکار بکرم جیت کنورپال کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس پر انہیں ہسپتال میں داخل کیا گیا تاہم اداکار کی طبیعت سنبھل نہ سکی اور وہ دوران علاج چل بسے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس بھارتی فلم انڈسٹری کے ایک اور معروف ہدایتکار کی جان نگل گیا

اداکار بکرم جیت کنورپال کی موت کی خبر سب سے پہلے بالی ووڈ فلم ساز اشوک پنڈت نے ٹوئٹر پر دی۔ سوشل میڈیا پر ہی کئی اداکاروں اور ہدایت کاروں نے بکرم جیت کنورپال کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کی زد میں آ کر ایک اور معروف بھارتی اداکار چل بسا

بکرم جیت کنورپال 2002 کو انڈین آرمی سے بطور میجر ریٹائرڈ ہوئے تھے اور 2003 میں فلم ڈیبیو کیا، انہوں نے ڈان، مرڈر 2، جوکر، اور 1971 سمیت درجنوں ہندی، تامل اور تیلگو فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ علاوہ ازیں کئی کامیاب ٹیلی وژن سیریز میں بھی کام کیا۔
 

Advertisement