وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کی ‏پاکستان میں افریقی اور برازیلی کورونا وائرس کی تصدیق

Published On 01 May,2021 02:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز نے ملک میں افریقی اور برازیلی کورونا وائرس کی اقسام رپورٹ ہونے کی تصدیق کر دی۔

وزارت قومی صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ‏نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ میں کئے گئے ٹیسٹ میں کورونا وائرس کی نئی اقسام پائی گئیں، افریقی اور برازیلی کورونا کی کنٹیکٹ ٹریسنگ شروع کر دی، ‏40 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد ویکسین لگوائیں۔

وزارت قومی صحت کا کہنا ہے کہ وائرس کی جو بھی قسم ہو، ایس او پیز پرعمل میں تحفظ ہے، ماسک پہننا یقینی بنائیں، گھر سے بلا ضرورت باہر مت نکلیں، ‏‏سماجی فیصلے کو عمل طور پر یقینی بنائیں۔

سندھ کی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو نے بھی تصدیق کی ہے کہ آغا خان یونیورسٹی کراچی میں لیے گئے نمونوں میں نئی اقسام کے کورونا وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔ برطانوی قسم تیزی سے پھیلتی ہے، جنوبی افریقا اور برازیلی اقسام کے وائرس سے اموات کی شرح بہت زیادہ ہے، ویکسین کرانے کے باوجود وائرس کی یہ قسم شہریوں کو لگ سکتی ہے۔

ادھر نئی اقسام کے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے فلائٹ آپریشن محدود کرنے کے حوالے سے ائرٹریول پالیسی پر عملدآمد کیلئے این سی او سی نے 11 رکنی مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں سے متعلق پالیسی پر عملدآمد یقینی بنانے کی پابند ہوگی۔

معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل کمیٹی کے سربراہ، بریگیڈیر احتشام الحق ڈائریکٹر آپریشن ہوںگے۔ چیف ہیلتھ ایگزیکٹیو ڈاکٹر شائستہ، این ڈی ایم اے کے بریگیڈیئر اعجاز اور وزارت صحت سے ڈاکٹر بشرا، ڈائریکٹر ائر ٹریفک ائیر کموڈور عرفان صابر، جوائنٹ سیکرٹری ایویشن شہزاد کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ ضلعی انتظامیہ، ضلعی محکمہ صحت اور تمام ائرپورٹس مینیجر بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

وزارت صحت ہیلتھ پروٹوکول، اے ایس ایف اور ایف آئی اے انتظامی معاملات دیکھنے کی پابند ہو گی، سی ایچ ای ائیر پورٹ پر ٹیسٹنگ این ڈی ایم اے انتظامات کرنے کے مجاز ہونگے۔
 

Advertisement