نئی دلی: (دنیا نیوز) بھارت میں کورونا کا پھیلاؤ بد سے بدتر ہونے لگا۔ چوبیس گھنٹے کے دوران ریکارڈ چار لاکھ دو ہزار سے زائد مریض سامنے آگئے جبکہ ایک ہی روز تین ہزار پانچ سو بائیس ہلاکتیں ہوئیں۔
بھارت میں کورونا آؤٹ آف کنٹرول، انڈیا میں ایک دن کے دوران 4 لاکھ 2 ہزار سے زائد نئے کیس سامنے آگئے، جس کے بعد مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 91 لاکھ 63 ہزار 488 ہوگئی۔
گجرات کے ہسپتال میں آگ لگنے سے کورونا کے 18 مریض ہلاک ہو گئے۔ ہما چل پردیش میں کورونا کیس مثبت آنے پر ٹھیکیدار نے 20 مزدوروں کو واش روم میں بند کر دیا۔
کورونا کی تشویشناک صورتحال پر امریکی صدر جوبائیڈن نے بھارت پر سفری پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارت سے امریکا آنے والی تمام پروازوں پر پابندی ہوگی، جس کا اطلاق 4 مئی سے ہوگا۔
چین نے بھارت کی ہرممکن مدد کا اعلان کیا ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطے میں چینی ہم منصب نے امید ظاہر کی کہ بھارت جلد اس وبا پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائے گا۔
ادھر آسٹریلیا میں سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بھارت سے وطن واپس آنے والے افراد کو 5 سال قید اور جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔