لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا وائرس کے حوالے سے خوفناک اعداد و شمار سامنے آئے ہیں جس کے مطابق مہلک وباء کی تیسری لہر آنے کے بعد اپریل 2021ء کے دوران 1 سال سے 20 سال کے بچوں کے 15 ہزار کیسز سامنے آئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، کیسز میں بڑھوتری کے باعث وفاقی حکومت سمیت صوبائی حکومتوں ممکنہ طور پر لاک ڈاؤن لگانے پر غور کر رہی ہیں۔
ترک میڈیا کے مطابق وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر آنے کے بعد گزشتہ ماہ اپریل کے دوران ایک سال سے بیس سال کے بچوں کے 15 ہزار کیسز سامنے آئے۔ جو کہ تشویشناک ہے۔
وزارت صحت کی طرف سے بتایا گیا کہ مہلک وباء کا نشانہ بن کر 19 بچے زندگی کی بازی ہار گئے ان میں سے چھ بچے ایسے تھے جن کی عمر ایک سال سے دس سال کے درمیان تھی۔
ترک میڈیا کے مطابق وزارت صحت کی طرف سے بتایا گیا کہ اپریل میں 15 ہزار سے زائد کیسز دیکھنے کو ملے، ایک سے دس سال کے 3 ہزار بچے مہلک وباء کا نشانہ بنے گئے جبکہ دیگر کیسز 11 سے 20 سال کے بچوں میں آئے۔
وزارت صحت کے مطابق مارچ 2020 میں وبائی بیماری کے آغاز کے بعد سے لیکر اب تک ملک بھر میں اسی عمر کے گروپوں کے کل 93 ہزار سے زائد بچے کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
اس سے قبل این سی او سی نے یوم علیؓ کے موقع پر جلوسوں کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔ وزارت داخلہ نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ جبکہ محکمہ اوقاف پنجاب نے اعتکاف پر پابندی عائد کر دی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق یوم علی کرم اللہ وجہہ کی مجالس ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط ہونگی، یوم علی کرم اللہ وجہہ کی مجالس میں محدود افراد شریک ہو سکیں گے، مجالس پر رمضان تراویح اور مساجد والی ایس او پیز نافذ ہونگی۔ وزارت داخلہ نے پابندی کا نوٹیفیشن جاری کر دیا ہے
دوسری طرف محکمہ اوقاف نے اعتکاف پر پابندی عائد کر دیہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا وائرس کی سنگین صورتحال کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا۔ کورونا کی موجودہ صورتحال پر مزارات اور مساجد پر اعتکاف پر مکمل پابندی ہو گی۔
مزید برآں کورونا وائرس سے 146 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 17 ہزار 957 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 25 ہزار 519 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 696 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 3 ہزار 182، سندھ میں 2 لاکھ 83 ہزار 560، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 18 ہزار 413، بلوچستان میں 22 ہزار 369، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 310، اسلام آباد میں 75 ہزار 498 جبکہ آزاد کشمیر میں 17 ہزار 187 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 18 لاکھ 36 ہزار 866 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48 ہزار 740 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 لاکھ 17 ہزار 9 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 490 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 146 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 17 ہزار 957 ہوگئی۔ پنجاب میں 8 ہزار 500، سندھ میں 4 ہزار 645، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 310، اسلام آباد میں 683، بلوچستان میں 236، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 476 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔