اسلام آباد: (دنیا نیوز) این سی او سی نے یوم علیؓ کے موقع پر جلوسوں کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔ وزارت داخلہ نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ جبکہ محکمہ اوقاف پنجاب نے اعتکاف پر پابندی عائد کر دی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق یوم علی کرم اللہ وجہہ کی مجالس ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط ہونگی، یوم علی کرم اللہ وجہہ کی مجالس میں محدود افراد شریک ہو سکیں گے، مجالس پر رمضان تراویح اور مساجد والی ایس او پیز نافذ ہونگی۔ وزارت داخلہ نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے
دوسری طرف محکمہ اوقاف نے اعتکاف پر پابندی عائد کر دی ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا وائرس کی سنگین صورتحال کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا۔ کورونا کی موجودہ صورتحال پر مزارات اور مساجد پر اعتکاف پر مکمل پابندی ہو گی۔
ادھر وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز نے ملک میں افریقی اور برازیلی کورونا وائرس کی اقسام رپورٹ ہونے کی تصدیق کر دی۔ وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ افریقی اور برازیلی کورونا کی کنٹیکٹ ٹریسنگ شروع کر دی ہے لیکن وائرس کی قسم کوئی بھی ہو، ایس اوپیز پر عمل میں تحفظ ہے، ماسک پہننا یقینی بنائیں، گھر سے بلا ضرورت باہر مت نکلیں۔ سماجی فیصلے کو عمل طور پر یقینی بنائیں۔
سندھ کی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو نے بھی تصدیق کی ہے کہ آغا خان یونیورسٹی کراچی میں لیے گئے نمونوں میں نئی اقسام کے کورونا وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔ برطانوی قسم تیزی سے پھیلتی ہے جبکہ جنوبی افریقا اور برازیلی اقسام کے وائرس سے اموات کی شرح بہت زیادہ ہے۔ ویکسین کرانے کے باوجود وائرس کی یہ قسم شہریوں کو لگ سکتی ہے۔
دوسری جانب نئی اقسام کے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے فلائٹ آپریشن محدود کر دیا گیا ہے۔ این سی او سی کی جانب سے قائم خصوصی کمیٹی بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں سے متعلق پالیسی پر عملدآمد یقینی بنانے کی پابند ہوگی۔ معاون خصوصی ڈاکٹرفیصل کمیٹی کے سربراہ جبکہ بریگیڈیر احتشام الحق ڈائریکٹر آپریشنز ہوں گے۔
ضلعی انتظامیہ، ضلعی محکمہ صحت اور تمام ائرپورٹس مینیجر بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ وزارت صحت ہیلتھ پروٹوکول، اے ایس ایف اور ایف آئی اے انتظامی معاملات دیکھنے کی پابند ہوگی۔
مزید برآں کورونا وائرس سے 146 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 17 ہزار 957 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 25 ہزار 519 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 696 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 3 ہزار 182، سندھ میں 2 لاکھ 83 ہزار 560، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 18 ہزار 413، بلوچستان میں 22 ہزار 369، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 310، اسلام آباد میں 75 ہزار 498 جبکہ آزاد کشمیر میں 17 ہزار 187 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 18 لاکھ 36 ہزار 866 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48 ہزار 740 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 لاکھ 17 ہزار 9 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 490 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 146 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 17 ہزار 957 ہوگئی۔ پنجاب میں 8 ہزار 500، سندھ میں 4 ہزار 645، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 310، اسلام آباد میں 683، بلوچستان میں 236، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 476 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔