لاہور: (دنیا نیوز) کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے پابندیاں مزید سخت کر دی گئیں۔ لاہور میں آج اور کل مکمل لاک ڈاؤن لگا دیا گیا، جس کے تحت بین الصوبائی ٹرانسپورٹ، کاروبار اور مارکیٹیں مکمل بند جبکہ میڈیکل سٹورز، پٹرول پمپس، ویکسی نیشن سینٹرز کھلے رہیں گے۔
کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ آج اور کل لاہور شہر میں مکمل لاک ڈاؤن ہوگا، تمام قسم کے کاروبار اور مارکیٹیں مکمل بند رہیں گی، صرف میڈیکل سٹور، پٹرول پمپ، ویکسی نیشن سنٹرز، دودھ دہی، گوشت اور سبزی کی دوکانیں کھلی رہیں گی جبکہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ انہوں نے شہریوں سے گزشتہ روز ہی اشیائے ضروریہ کی خریداری کرنے کی اپیل کی تھی۔
سیکرٹری ہیلتھ پنجاب سارہ اسلم نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں تمام رمضان بازار، پھل اور سبزی، گوشت اور ڈیری شاپس ہفتہ کے 7 دن صبح 9 سے شام 6 بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی۔ اس کیساتھ تندور، چھوٹے گروسری اور کریا نہ سٹور بھی ہفتہ کے 7 دن صبح 9 سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 146 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 17 ہزار 957 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 25 ہزار 519 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 696 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 3 ہزار 182، سندھ میں 2 لاکھ 83 ہزار 560، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 18 ہزار 413، بلوچستان میں 22 ہزار 369، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 310، اسلام آباد میں 75 ہزار 498 جبکہ آزاد کشمیر میں 17 ہزار 187 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 18 لاکھ 36 ہزار 866 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48 ہزار 740 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 لاکھ 17 ہزار 9 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 490 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 146 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 17 ہزار 957 ہوگئی۔ پنجاب میں 8 ہزار 500، سندھ میں 4 ہزار 645، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 310، اسلام آباد میں 683، بلوچستان میں 236، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 476 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔