لاہور سمیت دیگر شہروں میں کورونا کی شرح میں اضافہ،مکمل لاک ڈاؤن پرغور

Published On 29 April,2021 07:52 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے لاہور سمیت کورونا وائرس کے زیادہ شرح والے شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن لگانے پر غور شروع کر دیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت ایک طویل اجلاس ہوا جس میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کو تجویز دی گئی کہ عیدالفطر سے قبل ایسے تمام شہر جن میں کورونا وائرس پھیلنے کی شرح زیادہ ہے وہاں مکمل لاک ڈاؤن لگا دیا جائے۔

خصوصی کابینہ کمیٹی اس تجویز کا مکمل جائزہ لے کر حتمی سفارشات پیش کرے گی۔ یہ سفارشات نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔

صوبائی کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ پنجاب کے 23 اضلاع میں مثبت کیسوں کی تعداد 8 فیصد سے زائد ہو چکی ہے۔ اجلاس کے شرکا نے عالمی وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز اور شرح اموات میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزری پر بھی تحفظات ظاہر کئے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام کی زندگیاں بچانے کیلئے مزید پابندیاں عائد کرنا ناگزیر ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ میں کورونا مریضوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔

 

Advertisement